کریم نگر۔ 2 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف منسٹر نے تلگو دیشم قائد ریونت ریڈی کو بلاوجہ پھنساکر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جبکہ چیف منسٹر نے ریونت ریڈی کے خلاف ظلم و زیادتی کا رویہ اپنایا ہے اور اگر ایسے میں کچھ ہوگا تو اس کی تمام تر ذمہ داری کے سی آر پر ہوگی۔ کریم نگر چوراہا اندرا گاندھی مجسمہ کے روبرو راستہ روکو احتجاج کے دوران تلگو دیشم ضلع صدر وجے رمنا راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ایم ایل سی انتخابات میں پانچ امیدواروں کو کھڑا کرکے سیاسی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں۔ تلگو دیشم رکن اسمبلی کرشنا راؤ کو راغب کرکے اپنی طرف کرلیا، تاہم تلگو دیشم پارٹی کو اس طرح کا رویہ اپنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم ارکان کو رقم کا لالچ دیا جارہا ہے اور ٹی آر ایس کے اس عمل سے سب واقف ہوچکے ہیں اور اس سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے تلگو دیشم پارٹی قائد ریونت ریڈی کو فرضی مقدمہ میں پھنسایا گیا۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے خلاف مقدمہ سے دستبرداری کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی کی گرفتاری پر یہاں راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے کے سی آر کے پتلے نذرآتش کئے گئے۔ پولیس نے تلگو دیشم کارکنوں کو تشدد آمیز کارروائیوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جس کے سبب تلگو دیشم کارکنوں اور پولیس کے درمیان دکھم پیل ہوئی جس سے این ایس ایف ریاستی سیکریٹری گٹو یادو ……… جس سے ان کے ہاتھ جل گئے۔ یادو نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ اس کو زبردستی آگ میں ڈھکیل دیا گیا۔ اس موقع پر آگیا راملو یادو رمیش، اجئے ریڈی اور دیگر شریک تھے۔