ریونت ریڈی مزید 14 دن عدالتی تحویل میں

حیدرآباد 15 جون ( سیاست نیوز ) نوٹ برائے ووٹ اسکام میں تلگودیشم رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی کو آج اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے مزید 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ اے سی بی عملہ نے رکن اسمبلی اور دیگر دو ملزمین اُودئے سمہا اور سیبسٹین کو عدالت میں پیش کئے جانے پر ایک میمو داخل کیا جس میں بتایا گیا کہ نوٹ برائے ووٹ کیس کی تحقیقات اہم مرحلے میں ہیں اور ملزمین کی عدالتی تحویل میں توسیع ضروری ہے ۔ بیورو نے عدالت میں استدلال پیش کیا کہ کیس میں درخواست گذار و نامزد رکن اسمبلی ایل وی اسٹیفنسن اور دیگر اہم گواہوں کا عدالت میں بیان قلمبند کرنے کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بیورو رکن اسمبلی اسٹیفنسن کا بیان سی آر پی سی کے دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کروانا چاہتی ہے ۔ اس بیان سے آندھراپردیش چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو کی مشکلوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ بیورو نے عدالت کو واقف کروایا کہ اسکام میں رکن اسمبلی کے قبضہ سے ضبط 50 لاکھ روپئے رشوت کی پیشگی نقد رقم کا پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور نامزد رکن اسمبلی کو 4.5 کروڑ کی بقیہ رقم کی حوالگی سے متعلق تفصیلات حاصل کئے جارہے ہیں ۔ بیورو نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران کئی اہم شخصیتوں کے نام افشا ہونے کی اُمید ہے۔ ریونت ریڈی کو آج خصوصی اے سی بی عدالت میں چیرلہ پلی جیل سے سخت سکیورٹی میں منتقل کیا گیا جہاں پولیس نے وسیع انتظامات کئے ۔ رکن اسمبلی اور دیگر دو ملزمین کو گرفتاری کے بعد چیرلہ پلی جیل میں محروس رکھا گیا اور آج انھیں 29 جون تک عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔