ریولانٹ کوہندوستانی ہاکی ٹیم سے بہتر مظاہرہ کی اُمید

نئی دہلی ۔15مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کوچ ٹیری والش سے لیکر تمام عہدیداروں کے علاوہ کئی ماہرین نے رواں ماہ شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی پوڈیم تک رسائی کے امکانات کو مسترد کردیا ہے لیکن ہندوستانی ہاکی ٹیم کے پرفارمنس ڈائرکٹر ریولانٹ اولٹامنس کو اُمید ہے کہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں حیران کن مظاہرہ کرتے ہوئے یادگار کامیابی حاصل کرے گی ۔ ہاکی انڈیا اور ٹیم کے کوچ ٹیری والش نے ہندوستانی ٹیم سے بڑی اُمیدیں وابستہ نہیں کررکھی ہیں بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ 31مئی کو نیدرلینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم سرفہرست 8ٹیموں میں اپنا مقام بنائے گی لیکن ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے کوچ نے کہا ہے

کہ ہندوستانی کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیت موجود ہیں کہ وہ ورلڈ کپ میں غیر متوقع اور حیران کن نتائج فراہم کرے گی۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ریولانٹ نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں صلاحیتیں موجود ہیں اگر وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے تو ہم حیران کن نتائج فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے کیونکہ کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کی تیاری میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے ۔ دریں اثناء انہوں نے کوچ ٹیری والش اور دیگر افراد کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسیوں کا بھی دفاع کیا ہے ‘ کیونکہ 2010ء میں منعقدہ 12ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم سرفہرست 8ٹیموں میں جگہ نہیں بناپائی تھی۔