خاتون جاروب کش کو پولیس کی گاڑی سے ٹکر دینے پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) رین بازار پولیس نے اپنے ہی پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک ہیڈ کانسٹبل کو جی ایچ ایم سی کی خاتون جاروب کش کو پولیس پیٹرولنگ کار سے روند دینے کے کیس میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جی اشوک رین بازار پولیس اسٹیشن کا ہیڈ کانسٹبل ہے اور وہ کل پولیس پیٹرولنگ کار II میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا اسی دوران کار ڈرائیور راجو کی عدم موجودگی پر اس نے گاڑی چلاتے ہوئے 58 سالہ خاتون جاروب کش سائی ماں کو ٹکر دے دی تھی جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگئی تھی۔ رین بازار پولیس نے ہیڈ کانسٹبل اشوک کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا تھا اور اسے آج گرفتار کرتے ہوئے نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا گیا اور عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ واضح رہے کہ اشوک کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کے باوجود بھی اس نے پولیس کار چلاتے ہوئے خاتون جاروب کش کو ٹکر دے دی تھی جس کے نتیجہ میں کمشنر پولیس نے اسے معطل کرتے ہوئے انسپکٹر رین بازار محمد جاوید کو چارج میمو جاری کیا تھا۔