رینشو اور اسٹارک کی نصف سنچریاں، آسٹریلیا 256/9

۔4 وکٹس کے ساتھ اومیش یادو کا مہمان ٹیم کیخلاف ایک اور بہتر مظاہرہ
دسویں وکٹ کیلئے ناقابل تسخیر 51 رنز کی پارٹنرشپ
پونے ۔23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) فاسٹ بولر اومیش یادو کی شاندار بولنگ اور اسپنروں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی بااثر کارکردگی سے دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان نے آسٹریلیا کو آج یہاں پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن نو وکٹ پر256 رنز تک محدود رکھا۔یادو نے 32 رنز پر چار وکٹ، آف اسپنر اشون نے 59  رنز پر دو وکٹ، جڈیجہ نے74 رنز پر دو وکٹوں اور آف اسپنر جینت یادو نے 58  رنز پر ایک وکٹ لے کر آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون ا سمتھ کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔دنیا کی دوسرے نمبر کی آسٹریلیائی ٹیم پہلے وکٹ کے لئے 82  رنز کی شراکت کے بعد لڑکھڑا گئی اور ہندستانی بولروں نے دوسرے سیشن میں تین اور تیسرے سیشن میں پانچ وکٹ لے کر مہمان  ٹیم کے اطراف دائرہ تنگ کردیا۔پیٹ میں درد کی وجہ سے صبح ریٹائرڈ ہوئے اوپنر میٹ رینش نے طبیعت خراب ہونے کے باوجود میدان پر واپسی کی اور بالآخر 156 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔مچل اسٹارک 58 گیندوں میں پانچ چوکو ں اور تین چھکے کی مدد سے57  رنز بنا کر کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ان کے ساتھ جوش ہیزل وڈ ایک رن بنا کر کریز پر ہیں اور ان دونوں کے درمیان 10 ویں وکٹ کے لئے 51 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بن چکی ہے ۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 38، کپتان اسمتھ نے 27، پیٹر ھیڈاسکمب نے 22 اور شان مارش نے 16 رنز بنائے ۔ ہندستانی بولروں میں  یادو سب سے زیادہ متاثر کن رہے ۔یادو نے وارنر کو بولڈ کر کے اوپننگ شراکت کو توڑا اور پھر میتھیو ویڈ (8)، اسٹیو او کیفے (0) اور ناتھن لیون (0) کے وکٹ حاصل کی۔یادو نے دوسری مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف ایک اننگز میں چار وکٹ لئے ہیں۔ انہوں نے جنوری 2012 میں پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف 93 رن پر پانچ وکٹ لئے تھے ۔کپتان ویراٹ کوہلی کے تین اسپنروں کو اس میچ میں موقع دینا کا فیصلہ کامیاب رہا۔اشون نے حریف کپتان اسمتھ اور رینش کے وکٹ لئے جبکہ جڈیجہ نے ھیڈاسکمب اور مشیل مارش (4 ) کو پویلین کا راستہ دکھایا۔جینت یادو نے بھی اپنی افادیت ثابت کرتے ہوئے شان مارش (16) کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا نے 56 رنز کے وقفے پر اپنے سات وکٹ گنوائے اور دو وکٹ پر 149 رن کی خوشگوار صورت حال سے اس کا اسکور نو وکٹ پر 205 رن ہو گیا۔ اسٹارک نے اس کے بعد آسٹریلیائی ٹیم کو سنبھالا اور اپنی نویں نصف سنچری  کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ میں اپنے 1000 رنز بھی پورے کر لیے ۔اسٹارک نے اپنی اس قیمتی نصف سنچری سے آسٹریلیا کو 250 کے پار بھی پہنچا دیا۔دن کے90  اوورس پورے ہو چکے تھے لیکن وقت باقی رہنے کی وجہ سے آسٹریلیائی اننگز کو آگے بڑھایا گیا اور چار اوور زیادہ کھیلے گئے  لیکن آسٹریلیائی اننگز سمٹ نہیں پائی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلوی ٹیم نے لنچ تک ایک وکٹ پر 84 اور چائے کے وقفہ تک 63 اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 153 رن کا اسکور بنایا۔آسٹریلیا نے صبح اچھی شروعات کی اور رینش اور وارنر نے پہلے وکٹ کے لئے 82 رن جوڑ ڈالے ۔صبح تیز گیند باز ایشانت شرما اور اشون نے شروعات کی۔لیکن اب دونوں کنگارو اوپنر آسانی کے ساتھ کھیلتے رہے ۔