محبوب نگر۔ 11 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاچی گوڑہ تا ڈون ریلوے ڈیویژن میں جرائم کی تعداد قابل لحاظ کم ہوچکی ہے جوکہ خوش آئند بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار ساؤتھ ریلوے ڈی آئی جی سکیورٹی کمشنر ایس سی پارہی نے ہفتہ کے دن مستقر محبوب نگر کے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) پولیس اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پولسی اسٹیشن کے ریکارڈس کا معائنہ کیا اور سی سی کیمروں کی کارکردگی پر مزید ہدایات دیں۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 سال سے آر پی ایف میں تقررات ہونے کی وجہ سے کئی جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ حال ہی میں انڈین ریلوے ڈپارٹمنٹ میں 17 ہزار کانسٹبلس کے تقررات عمل میں آئے جو ابھی زیرتربیت ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سات ماہ کے اندر ساؤتھ ریلوے کیلئے 500 کانسٹبلس کے تقررات عمل میں آئیں گے۔ انہوں نے مسرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریل حادثات اور جرائم کی تعداد اس ڈیویژن میں بہت ہی کم ہے۔ انہوں نے بغیر نگران کار کے ریلوے گیٹ پر چوکسی اور خصوصی توجہ کی ہدایت دی اور بتایا کہ محبوب نگر ریلوے پولیس میں صرف 18 کانسٹبلس ہی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ کئی ایک جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ شاد نگر گدوال ریلوے پولیس اسٹیشنوں کے تحت آؤٹ پوسٹ کے قیام کا انہوں نے تیقن دیا۔ پریس کانفرنس میں ڈیویژنل سکیورٹی کمشنر سدھاکرن، محبوب نگر آر پی ایف کے انسپکٹر وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔