نئی دہلی 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر ریلوے سدا نندگوڑا کی جانب سے پیش کئے گئے ریل بجٹ کو ’’لا حاصل‘‘ قرار دیتے ہوئے متعدد کانگریس ورکرس نے ڈی پی سی سی چیف اروند سنگھ لولی کی قیادت میں وزیر کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔احتجاجی گوڑہ کی رہائش گاہ موقوعہ 1 ،تیاگ راج مارگ پر سہ پہر 3 بجے پہنچ گئے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور گوڑا کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے ۔ انہوں نے ریل کرایوں میں اضافہ کو فوری واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ ڈی پی سی سی کے چیف ترجمان مکیش شرما نے کہا کہ مودی حکومت کا بجٹ لا حاصل ہے اور بلیٹ ٹرین کی تجویز محض ایک فریب ہے۔ سب سے پہلے انہیں حالیہ ریل کرایوں میں اضافہ کو فوری واپس لینا چاہئے۔