سرینگر 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی تقسیم ایک اہم مسئلہ بن گئی ہے اور مقامی انتظامیہ کے نہ ہونے کی وجہ سے افرا تفری کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔ شہر کے کئی علاقوں مہجور نگر ، رام باغ ،جواہر نگر وغیرہ میں راحت کاری اشیاء پہنچنے کے بعد ان کی تقسیم کے مسئلہ پر متاثرین کے مختلف گروپس میں تکرار اور جھڑپ ہوگئی۔ایک معمر خاتون نے بتایا کہ ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں، جو طاقتور ہوتا ہے وہ زیادہ سامان حاصل کرلیتا ہے جبکہ کمزور لوگ صرف دیکھتے رہ جاتے ہیں۔ ایک اور شخص نے کہا کہ راحت کاری اشیاء کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں ہورہی ہے۔ بعض مقامات پر محلے جاتی کمیٹیوں نے راحت کاری اشیاء کی تقسیم کا موثر نظام ترتیب دیا ہے لیکن بعض مقامات پر افراتفری اور بد انتظامی پائی جاتی ہے ۔ ایک شخص غلام محمد نے کہا کہ ہم نے والینٹئرس کا ایک گروپ تشکیل دیا جو راحت کاری اشیاء کی مساویانہ اور موثر تقسیم کررہے ہیں۔ حکام کی جانب سے ریڈیو پر مسلسل پیامات جاری کئے جارہے ہیں اور توقع ہے کہ اس بد انتظامی کو جلد دور کرلیا جائے گا ۔