مسروقہ اشیاء و رقم ضبط، ملزمین جیل منتقل، ریلوے پولیس سکندرآباد کی کارروائی
حیدرآباد 24 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریلوے پاسنجرس کے موبائیل فونس اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرنے والی خاتون سارقین کی چار رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریلویز مسٹر جی اشوک کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ 36 سالہ بی درگماں،45 سالہ بی شاردا، 26 سالہ جیوتی اور 30 سالہ ڈی بھاگیہ متوطن ضلع شیموگہ کرناٹک ملبوسات کے کارخانہ میں ملازمت کیا کرتے تھے۔ آسانی سے روپیہ کمانے کے لئے مختلف ٹرینوں میں پاسنجرس کے بھیس میں سفر کرتے ہوئے پاسنجرس کو نشانہ بناتے ہوئے اُن کے بیاگس سے موبائیل فونس اور طلائی زیورات کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ شبہ کی بنیاد پر ریلوے پولیس سکندرآباد نے اُنھیں پلیٹ فارم کے بُکنگ کاؤنٹر پر حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران انکشاف کیاکہ کئی پاسنجرس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اشوک کمار نے کہاکہ ریلوے پولیس نے گرفتار سارقین کے قبضہ سے 45 تولے طلائی زیورات جن کی مالیت 14.5 لاکھ ہے اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے اُنھیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ریلوے پاسنجرس کے تحفظ کے لئے ریلوے پولیس خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور عوام کو بھی ٹرین میں سفر کے دوران سارقین کی ٹولیوں سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا۔