ریلوے رکروٹمنٹ اسکام : تین کلیدی ملزمین گرفتار

حیدرآباد 5 ڈسمبر (سیاست نیوز)ریلوے ریکروٹمنٹ سیل امتحانات میں ہائی ٹیک نقل نویسی ریاکٹ کے سرغنہ ایم مچیندر کو آج سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی ) نے گرفتار کرلیا ۔ایس او ٹی نے مچندر کے علاوہ دیگر دو افراد پی راج شیکھر، اور چندر پرکاش کمار کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ایس او ٹی مسٹر ای رامچندر ریڈی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 30 نومبر کو ریلوے ریکروٹمنٹ سیل گروپ D امتحانات میں ہائی ٹیک نقل نویسی کا ریاکٹ بے نقاب ہوا تھا جس میں 30 افراد بشمول دس امیدوار گرفتار کئے گئے تھے۔ انہو ںنے بتایا کہ یہ ریاکٹ کئی ریلوے ملازمین کی مدد سے چلایا جارہا تھا اور اس سلسلہ میںہنوز 40 افراد کی گرفتاری ہونا باقی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مچندر لالہ گوڑہ سکندرآباد میں الیکٹریکل مینٹیننس کا گریڈ I ٹکنیشن ہے ۔ اس نے سال 2006 میں ڈاکٹر جی سرینواس ریڈی کی مدد سے بنگلور میں منعقدہ ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ امتحانات کے پرچوں کا افشاء کیا جس کے ذریعہ 11 امیدواروں کو ریلوے میں ملازمت فراہم کرائی ۔ اس نے سال 2008 اور سال 2010 میں بھی اسی قسم کی دھاندلی کرنے کی کوشش کی جس میں اس وقت کے سینئر کمرشیل منیجر ریلوے نلائیم سوامی نائک نے مبینہ طور پر مدد کی تھی لیکن الیکٹرانک آلات کی کارکردگی میں مشکلات کے سبب وہ ناکام رہا ۔ اتنا ہی نہیں مچندر نے سال 2013 ریاست کے محکمہ مال کے ویلیج ریونیو آفیسر امتحانات میں بھی اسی قسم کی جعالسازی کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہا ۔ آندھرا پردیش ،تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں منعقدہ ریلوے ریکروٹمنٹ سیل کے امتحانات کے موقع پر اس نے اپنے ساتھی ریلوے ملازم ناگا راجو جو مولا علی میں شتابدی کوچنگ سنٹر چلاتا ہے ہائی ٹیک نقل نویسی کے ذریعہ ملازت فراہم کرنے کیلئے فی امیدوار 5 لاکھ روپئے وصول کئے ۔ اس سلسلہ میں مچندر اور اس کے ساتھیوں نے بیگم پیٹ کے پرکاش سے الیکٹرانک آلات اور بلو ٹوتھ وغیرہ خریدے اور امتحانات سنٹرس کے انچارج راج شیکھر کو فی امتحان پچاس ہزار روپئے کی رشوت دی ۔ راج شیکھر نے پرچہ سوالات کی نقل مچندر کو فراہم کی تھی اور ہائی ٹیک نقل نویسی کی ٹولی واٹس اپ اور بلو ٹوتھ کے ذریعہ سوالات کے جوابات بھیج رہے تھے ۔