ناندیڑ۔14فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی وزیر ملک ارجن کھرگے نے گزشتہ روز کو سالانہ ریل بجٹ 2014ء لوک سبھا میں پیش کیا۔ اس بجٹ میں مسافرین کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ کرایہ میں اضافہ نہ کرنے پر مسافرین کو تھوڑی راحت ضرور ملی، لیکن مراٹھواڑہ کی طرف مرکزی وزیر ملک ارجن کھرگے نے عدم توجہی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی سہولت دینے کا اعلان نہیں کیا۔جس سے مراٹھواڑہ کے افراد اس ریلوے بجٹ سے خوش نظر نہیں آرہے ہیں۔مراٹھواڑہ کی عوام نے پیش کردہ اس ریلوے بجٹ سے اپنی قیاس آرائیاں کی تھی کہ ناندیڑ ۔ ممبئی نئی ایکسپریس ٹرین کی شروعات کئے جانے کا اعلان کیا جائے گا۔
لیکن مراٹھواڑہ کی عوام کو صرف مایوسی ہی ہاتھ آئی ہے۔ البتہ اس بجٹ میں کئی نئی ٹرینوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ جن میں ناندیڑ ۔ اورنگ آباد ہفت روزہ ٹرین اورنگ آباد تا رینی گنٹہ نئی ہفت وار ایکسپریس ٹرین چلائے جانا بھی شامل ہے۔ اسی طرح پربھنی تا پرلی ریلوے لائن کو دوہرا کئے جانے کے لئے سروے کی تجویز بھی مرکزی وزیر ملک ارجن نے اس ریلوے بجٹ میں رکھی ہے۔اس سال ریلوے بجٹ 2014ء میں مرکزی وزیر ارجن کھرگے نے جان بوجھ کر مراٹھواڑہ کی عوام سے فریب کیا۔ 2014ء تا 2015ء کے ریلوے بجٹ سے مراٹھواڑہ کی عوام نے کئی اُمیدیں وابستہ کررکھی تھیں لیکن مراٹھواڑہ عوام کی اُمیدوں پر مرکزی وزیر نے پانی پھیر دیا۔