مکتھل۔/27فبروری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزیر ریلوے مسٹر سریش پربھو کی جانب سے پیش کردہ حالیہ ریلوے بجٹ میں نئی ریاست تلنگانہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے 12نئے ریلوے پراجکٹس کو منظوری دی گئی ہے وہیں یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ محبوب نگر تا منیرآباد برائے دیور کدرہ، مکتھل، کرشنا ریلوے لائن کیلئے جس کا کام جاری ہے 180کروڑ کا خطیر بجٹ منظور کیا گیا ہے جس کا محبوب نگر، دیورکدرہ اور مکتھل اسمبلی حلقہ جات کی عوام نے خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی و مسرت کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے دو تین سال سے محبوب نگر تا منیرآباد ریلوے لائن کا کام چل رہا ہے اور یہ مکتھل اسمبلی حلقہ کے پھولمامڑی سیوار کے موضع ایڑولی تک کے کام کو تکمیل کرلیا گیا ہے تاہم گزشتہ ریلوے بجٹ میں اس پر خاطر خواہ توجہ نہ دینے اور ریلوے کیلئے اراضیات کے بعض زیر التواء مسائل کی وجہ سے یہ کام سست روی کا شکار ہوکر کچھ دن سے موقوف ہوگیا تھا مگر اب حالیہ بجٹ میں 180کروڑ کی خطیر رقم کی منظوری کے ساتھ ہی عوام پُرامید ہیں کہ ایک بار پھر تیزی کے ساتھ اس لائین کا کام آگے بڑھے گا۔ اور سیاسی حلقوں میں بھی اس بجٹ پر مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ دو سال میں اس کام کی تکمیل کرلی جائے گی۔