حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے کل اغوا ہونے والے کم عمر بچہ کا اندرون 24 گھنٹے پولیس نے پتہ لگاتے ہوئے اس کے ساتھ مزید 2 بچوں کو اغوا کنندہ خواتین کے چنگل سے چھڑالیا۔ تفصیلات کے بموجب اُتر پردیش کے ضلع قنوج سے تعلق رکھنے والی سنجو چمر کے چھ سالہ بچہ ایوش کا نامعلوم خواتین نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے اغوا کرلیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد ریلوے پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے مغویہ بچہ کی تلاش کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی پی سومتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے کم عمر بچہ کا اغوا ہونے کے بعد گوپال پورم پولیس کے ڈیٹکٹیو انسپکٹر کے کرن کمار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سکندرآباد علاقہ کے 40 سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا اور اغوا کنندہ خواتین کا کامیاب طور پر پتہ لگاتے ہوئے مغویہ بچہ ایوش کے ساتھ دیگر دو مغویہ بچوں کو بھی بچالیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس گوپال پورم نے سی سی ٹی وی کے ذریعہ اغوا کرنے والی خواتین کے مکان کا پتہ لگاتے ہوئے علاقہ الوال اندرا نگر میں بیک وقت تلاشی لیتے ہوئے 21 سالہ ایم یادماں، 18 سالہ ایم جیہ اور 25 سالہ انجماں ساکن بلارم کو گرفتار کرلیا۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے ایوش کے علاوہ دیگر دو بچوں کے اغوا کا معمہ بھی حل کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ اغوا کرنے والی خواتین نے سابق میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے دو بچوں کا اغوا کیا تھا۔