حیدرآباد۔20اپریل ( این ایس ایس ) ریلوے پروٹیکشن فورسیس کے اہلکاروں نے حیدرآباد اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کے سامان کا سرقہ کرنے والے دو سارقین کو سی سی ٹی وی فٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا ۔ ایک مسافر نے حیدرآباد ۔ ممبئی ایکسپریس ٹرین نمبر 17032 میں 13اپریل کو سوار ہوتے وقت اپنے سامان کے سرقہ کی شکایت درج کروائی تھی جبکہ دوسرے مسافر نے شکایت کی تھی کہ 17اپریل کو سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر اس کے سامان کا سرقہ کیا گیا تھا ۔ دونوں شکایت پر ریلوے پروٹیکشن فورسیس نے تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فٹیج کا جائزہ لیا جس سے سارقین کی نشاندہی ہوئی جنہیں گرفتار کرتے ہوئے بشمول طلائی زیورات 1,44,000 روپئے مالیتی مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔