ریسلر سشیل کمار کی ایشین گیمس میں گولڈ میڈل پر نظر

نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ریسلر سشیل کمار جنہوں نے 2008ء بیجنگ اولمپکس میں برانز اور لندن اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا ہے، وہ اب ایشین گیمس میں وزن کے نئے زمرہ 70 کلوگرام میں مقابلہ کریں گے جس کے بعد 2016ء ریو اولمپکس میں وہ 74 کلوگرام زمرہ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ایشین گیمس میں سنہری کامیابی کے خواہاں ہیں۔

جوالا ۔ اشونی جوڑی انڈین اوپن
میں بہتر مظاہرہ کے خواہاں
نئی دہلی۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈبلز زمرہ کی ہندوستانی نمبر ایک جوڑی اشونی پونپا اور جوالا گٹہ جن کے حالیہ مظاہرہ مایوس کن رہے ہیں، جیسا کہ وہ آل انگلینڈ چمپین شپ کے اصل ڈرا میں رسائی سے محروم ہونے کے علاوہ سوئز اوپن کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوچکی ہے، لیکن وہ آئندہ ماہ منعقد شدنی انڈین اوپن سیریز میں بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہیں۔ اشونی نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ناکامی ضرور ہوئی ہے لیکن ہم ہمت نہیں ہارے ہیں، کیونکہ ہمیں چند سخت مقابلوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ، لیکن ہم پُراُمید ہیں کہ انڈین اوپن میں اپنا کھویا ہوا فام حاصل کرلیں گے۔ انڈین اوپن یکم تا 6 اپریل یہاں سری فورٹ اسپورٹس کامپلیکس میں کھیلا جائے گا۔