ریسلر جان سینا کرکٹ کے شوقین

میلبورن ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ(ڈبلیو ڈبلیو ای) اور ہالی ووڈ اسٹار جان سینا سڈنی کے اسکول پہنچ گئے اور آسٹریلیائی سابق آل راؤنڈر شین واٹسن سے کرکٹ کے اہم گر سیکھے۔16 مرتبہ کے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہیں جہاں انہیں کرکٹ سیکھنے کا شوق ہوا اور آل راؤنڈر شین واٹسن اس کام میں ان کی مدد کیلئے سامنے آئے۔اپنی اینی میٹڈ فلم ‘فرڈینینڈ’ کی تشہیر کیلئے آسٹریلیا آنے والے جان سینا کو واٹسن نے کرکٹ کے اہم گر سکھائے لیکن ایسا محسوس ہوا کہ جان سینا پر اپنے استاد کے پڑھائے ہوئے سبق کا کچھ خاص اثر نہیں ہوا۔شین واٹسن کی گیند پر جان سینا کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن سڈنی تھنڈرز ی نمائندگی کرنے والے واٹسن نے امید ظاہر کی کہ ان کے شاگرد جلد ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔