گمبھی راؤ پیٹ۔ /18اپریل، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ سے غیر مجاز اور غیر قانونی طور پر ریت منتقل کرنے والے لاری اور ٹریکٹر مالکان کو سرسلہ ضلع پولیس نے ہدایت دی کہ وہ اس طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں سے باز آجائیں ورنہ لاری اور ٹریکٹر مالکان، ڈرائیورس کو قانونی شکنجہ میں دبوچ لیا جائے گا۔ضلع پولیس نے آج سرسلہ نریلا ندی سے حیدرآباد وغیرہ کو ریت منتقل کرنے والے لاری ڈرائیورس اور ٹریکٹر ڈرائیورس کو محکمہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مشتمل ضروری پمفلیٹس طرز کے نوٹس جاری کئے جس میں انہیں انتباہ دیا گیا کہ وہ اپنے پاس پرمننٹ، لائسنس، ٹریفک مقامات پر گاڑیوں کی رفتار دھیمی کرنے، حالت نشہ میں گاڑی نہ چلانے اور گاڑی چلانے کے دوران سیل فون پر بات نہ کریں، ٹریفک سگنل کا صحیح طور پر استعمال وغیرہ پر پابندی سے عمل کریں۔ پولیس نے اس طرح نافذ کردہ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔