عادل آباد۔/19فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں مہاتما گاندھی ضامن روزگار اسکیم کے تحت خدمت انجام دینے والے مزدور پیشہ افراد اور وظیفہ پیرانہ سالی، وظیفہ جسمانی معذورین میں ہر ماہ پابندی سے ادا کرنے کی ہدایت ضلع کلکٹر مسٹر احمد بابو نے متعلقہ عہدیداروں کو دی۔ مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے دوران مسٹر احمد بابو نے کہا کہ عام انتخابات کے پیش نظر عہدیدار اپنی مصروفیت میں سے وقت نکالتے ہوئے وظیفہ یاب افراد اور روزگار اسکیم میں خدمات انجام دینے والوں کو پابندی سے معاوضہ ادا کریں۔ POTDکے تحت فراہم کی جانے والی رقم کی تقسیم کے دوران مستحقین کو کسی بھی طرح کے نقصان سے بچانے کی ہدایت دی۔موالا گرام پنچایت میں 1641 استفادہ کنندگان میں تقریباً 200 افراد کو وظیفہ حاصل کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ جس پر فوری قابو پانے کی ہدایت دی گئی۔ ایک علحدہ اجلاس میں ضلع کلکٹر نے غیرمجاز ریت منتقل کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا۔ گرام پنچایت کی سطح پر ایک منصوبہ بنانے کا بھی مشورہ دیا اور ریت کے ذخائر کو ہراج کے ذریعہ فروخت کرنے کی ہدایت مسٹر پروہت کمار اسسٹنٹ ڈائرکٹر کو دی۔ موسم گرما کے پیش نظر پانی کی حفاظت کرنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع عوام کو موسم گرما میں پینے کے پانی فراہم کرنے کی غرض سے ایک منصوبہ بنانے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ ضلع عادل آباد میں 1945ء کے منجملہ 1669 بورویلز کی مرمت کے کام انجام دیئے گئے۔ یہ بات معلقہ عہدیداروں نے ضلع کلکٹر کو واقف کراتے ہوئے کہی۔ مزید 1078 بورویلز استعمال کرنے کی غرض سے برقی سربراہی کی ضرورت پر مسٹر احمد بابو کی توجہ مبذول کروائی۔ اس اجلاس میں ڈوموا پراجکٹ آفیسر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی، ڈی ڈی مسٹر کمار سوامی، سی پی او مسٹر شیخ میراں، پی ڈی وینکٹیشور ریڈی، پوسٹ آفس سپرنٹنڈنٹ مسٹر ورا پرساد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔