کاغذ نگر میں جلسہ سے جونیر سیول جج سدرشن کا خطاب
کاغذ نگر /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے وسوندھرا ڈگری کالج کے طلبہ و طالبات کا شعور بیدار کرنے کے لئے کالج انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں مسٹر سدرشن جونیر سیول جج سرپور ٹاؤن نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاگنگ طلبہ کی زندگی کو برباد کردیتی ہے، اس سے ہمیشہ کوسوں دور ہی رہنا چاہئے اور تعلیم حاصل کرکے ماں باپ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ صرف تعلیم میں ہی دلچسپی لیں، پڑھ لکھ کر ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ انھوں نے لڑکیوں کی پیدائش کے تعلق سے کہا کہ چند خواتین لڑکیوں کی پیدائش سے ناراض ہوکر اسقاط حمل کے ذریعہ لڑکیوں کی زندگی سے کھیل رہی ہیں اور انھیں مادر شکم میں ہی ختم کر رہی ہیں، جو بہت بڑا جرم ہے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین سے ہی ساری کائنات میں رونق ہے، لیکن ایسی خواتین بہت بڑے جرم کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ ڈی ایس پی کاغذ نگر مسٹر چکرورتی نے کہا کہ ریاگنگ طلبہ کے مستقبل کو تاریک بناتی ہے، طلبہ کو اگر ریاگنگ کی شکایت ہو تو ان سے ربط پیدا کریں۔ اس موقع پر مسٹر نارائن راؤ سی آئی، مسٹر کشور کمار ایڈوکیٹ، مسٹر ینٹا ایڈوکیٹ اور پرنسپل کالج بھی موجود تھے۔