حیدرآباد۔18ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے بیٹسمین ریان ٹن ڈوشتے نے ساتھی کھلاڑی اینڈری رسل کی کافی ستائش کی جنہوں نے چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں چینائی سوپر کنگس سے کامیابی چھین لی ۔ کامیابی کے بعد ریان نے کہاکہ ٹورنمنٹ کا کامیابی کے ساتھ آغاز کرنا کافی اہم ہوتا ہے کیونکہ اس ٹورنمنٹ میں بھی آسٹریلیا ‘ جنوبی افریقہ ‘نیوزی لینڈ اور پاکستان کی بہترین ٹوئنٹی 20ٹیمیں موجود ہیں۔ گذشتہ روز یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل میدان میں چینائی سوپر کنگس کے خلاف کامیابی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریان نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں ابھی ’’کرو یا مرو‘‘ کی صورتحال نہیں آئی ہے لیکن ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کرنا بہتر ہوتا ہے ۔ چمپئنس لیگ میں چونکہ دنیا کی چمپئن ٹیمیں موجود ہیں اس لئے ہر مقابلہ اور اس میںحاصل ہونے والی کامیابی اہم ہوتی ہے ۔ ریان جنہوں نے چینائی کے خلاف ٹیم کیلئے مطلوبہ نشانہ 158رنز کو حاصل کرنے میں ناقابل تسخیر 51رنز کی مساوی اننگز کھیلی ہے لیکن انہوں نے اپنی ساتھی کھلاڑی رسل کی بھرپور ستائش کی ہے جنہوں نے چینائی سے کامیابی چھین لی ۔ چینائی خلاف رسل کے مظاہرہ کو غیر متوقع نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے ریان نے کہاکہ وہ رسل کے مظاہرے سے بالکل حیران نہیں ہے کیونکہ وہ اس طرح کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ کریبین پریمئر لیگ میں شاندار مظاہرہ کرچکے ہیں ۔