ریان کارٹر اور ایرون فنچ نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا

سڈنی: آسٹریلیا کے ریان کارٹر اور ایرون فنچ نے آسٹریلیوی فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلی وکٹ کی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کر ڈالا ہے۔ بلیک ٹاؤن انٹرنیشنل سپورٹس پارک، سڈنی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹور میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 503 رنز بنا کر آسٹریلین ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ کا 93 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ وکٹوریا کے بل پونسفورڈ اور ارنی مین کے پاس تھا جنہوں نے 1923-24ء میں کوئنز لینڈ کے خلاف پہلی وکٹ کی شراکت میں 456 رنز جوڑے تھے۔ اس شراکت داری کا اختتام تب ہوا جب ریان کارٹر 209 رنز بنا کر ٹام لیتھم کی گیند پر وکٹ کی پیچھے بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں پہلی وکٹ کی شراکت داری کا ریکارڈ کراچی وائٹس کے وحید مرزا اور منصور اختر کے پاس ہے جنہوں نے کوئٹہ کیخلاف 1976-77ء میں 561 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔