ریاض میں بندوق بردار کا حملہ، امریکی شہری ہلاک

ریاض ، 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مشتبہ بندوق بردار نے امریکی شہری کو ہلاک کردیا۔ تاہم وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس شخص کے کسی انتہاء پسند تنظیم سے روابط کا پتہ نہیں چلا ہے۔ امریکہ نے اس کارروائی کے محرکات کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ حملہ آور کی 24 سالہ عبدالعزیز فہد عبدالعزیز الرشید کی حیثیت سے شناخت کی گئی جو سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ لڑائی میں زخمی ہوگیا۔ وہ امریکی نژاد سعودی شہری بتایا گیا ہے۔ اس نے امریکی ڈیفنس کنٹراکٹر کو ہلاک کردیا۔ ریاض میں پٹرول اسٹیشن پر حملہ کرتے ہوئے بندوق بردار نے ایک امریکی کو ہلاک کرنے کے علاوہ دوسرے امریکی کو زخمی کردیا ۔ مہلوک شخص امریکی ۔ سعودی مشترکہ وینچر ونیل عربیہ کیلئے کام کیا کرتا تھا جو سعودی نیشنل گارڈ کو ٹریننگ فراہم کرتی ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان جین ساکی نے اس واقعہ کی توثیق کی اور بتایا کہ دوسرا امریکی شہری معمولی زخمی ہوا ہے۔ یہ حملہ کنگ فہد فٹبال اسٹیڈیم کے قریب کیا گیا جہاں بندوق بردار اور سیکوریٹی فورسیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ حملہ آور جو زخمی ہوا، اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ اسے فی الحال دہشت گرد حملہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ سیکوریٹی سرویسس کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جس سے حملہ آور کے انتہاء پسند نتظیموں کے روابط کا ثبوت ملتا ہو۔