ریاست کے سرحدی علاقوںپر سختی سے نگرانی

کوہیر میں سی سی کیمروں کے افتتاحی پروگرام سے ڈی ایس پی این روی کا خطاب

کوہیر۔/25جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ظہیر آباد ڈیویژن ڈی ایس پی مسٹر ان روی نے کوہیر منڈل کے موضع ناگی ریڈی پلی میں سی سی کیمروں کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں اس موقع پر منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی پی مہیندر ریڈی ریاست تلنگانہ ہدایت پر ریاست تلنگانہ کے اہم مقامات، سرکاری دفاتر، مذہبی مقامات، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹانڈ ، بینکوں اور اہم چوراستوں کے علاوہ دیگر مقامات پر سی سی کیمرے تنصیب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی سی کیمرے 24 گھنٹے نگاہ رکھتے ہوئے ایک سو پولیس کا کام کرتے ہیں۔ ظہیرآباد اور اس کے اطراف علاقوں میں 250 سے زائد سی سی کیمرے لگادیئے گئے ہیں۔ ظہیرآباد تلنگانہ ریاست کا سرحدی علاقہ ہے جس پر سختی کے ساتھ نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم چاہے کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو کیمرے کی نگاہ سے نہیں بچ سکتا اور سی سی کیمروں کی مدد سے مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے ناگی ریڈی پلی نوجوانوں کی ستائش کی کہ وہ خود رضاکارانہ طور پر آگے آتے ہوئے35 ہزار روپئے کی لاگت سے 6 سی سی کیمروں کی تنصیب کئے ہیں۔ کوہیر منڈل میں واقع تمام مواضعات کی گلیوں اور محلہ جات میں سی سی کیمرے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر سب انسپکٹر پولیس کوہیر رامو انجیا ناگی ریڈی، سائیلو کے علاوہ موضع کی عوام کثیر تعداد میں موجود تھی۔