ریاست کی تقسیم کے وعدوں پر عمل کیلئے مرکز سے بغاوت کرنے تلگودیشم پر زور

وائی ایس آر پارٹی سے تعاون کا تیقن ، ایم پی پی متھن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پی متھن ریڈی نے تقسیم آندھراپردیش کے وعدوں پر عمل آوری کیلئے مرکز سے بغاوت کرنے کا تلگودیشم حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اس جدوجہد میں وائی ایس ار کانگریس پارٹی کا تعاون حاصل ہونے کا تیقن دلایا ۔ ضلع رائچوٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متھن ریڈی نے کہا کہ اپنے جائز حقوق کو مرکز سے حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنے کے بجائے مرکز سے خاموشی اختیار کرنے کا چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا ۔ تلگودیشم پارٹی نے آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ حاصل کرنے کا عوام سے وعدہ کیا ۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ریاست کو خصوصی درجہ کے موقف کو نظر انداز کرتے ہوئے اسپیشل پیاکیج سے اتفاق کیا ہے ۔ جس سے آندھراپردیش کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے ۔ تلگودیشم حکومت ریاست کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے تو اپنے مرکزی وزراء سے استعفی دلاکر مرکز پر دباؤ بنائے ۔ اس جدوجہد میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھی مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت روزگار اسکیم میں بدعنوانیوں کے بعد مرکز نے آندھراپردیش کو فنڈز جاری کرنا بند کردیا ہے ۔ حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے تلگودیشم حکومت اپوزیشن کی وجہ سے فنڈز جاری نہ ہونے کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر الزام عائد کر رہی ہے ۔ این ڈی اے کی حلیف ہونے کے باوجود مرکز سے فنڈز کی عدم اجرائی تلگودیشم حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہونے کا دعوی کیا ۔