عنقریب اعلامیہ کی اجرائی ۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد 30 جولائی ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلدی ہی مزید 10 ہزار پولیس کانسٹیبلوں کی بھرتیوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔ یہ بھرتیاں حال ہی میںہوئی 9000 بھرتیوں کے علاوہ ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پولیس نظام کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے اور عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے کہ تاکہ جرائم سے پاک سماج کی تشکیل ہوسکے ۔ سدی پیٹ میں مختلف ترقیاتی پروراموں میں حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ یومیہ امور پر نظر رکھنے اور پولیس محکمہ کو مستحکم کرنے کیلئے ضلع ہیڈ کوارٹرس پر جملہ 850 سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ اعلی ٹکنالوجی اور آلات استعمال کرتے ہوئے عوام دوست خدمات فراہم کریں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدی پیٹ میں 1.58 کروڑ روپئے کے صرفہ سے عصری سگلنگ سسٹم فراہم کیا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے پولیس کمیشن آفس میں کمانڈ کنٹرول سسٹم کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے لا اینڈ آرڈر کو ترجیح دی ہے اور حکومت کی جانب سے پولیس نظام کو عصری بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب محکمہ پولیس کو عصری ٹکنالوجی سے لیس کیا جائیگا تب ہی لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ہریش راؤ نے چنتا مڈاکا گاوں میں بھی کچھ ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا جو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا آبائی گاؤں ہے ۔ انہوں نے نو تعمیر شدہ گرام پنچایت دفترکی عمارت کا اس گاؤں میں افتتاح انجام دیا ۔