ریاست میں کانگریس کا اقتدار میں آنا یقینی

ایم ایل سی مسٹر محمد علی شبیرکا بیان
یلاریڈی۔/29 نومبر، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس قائدین کے دن پورے ہوچکے ہیں انہیں اب عوام ہی سبق سکھائیں گے اور آنے والے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت کے ساتھ اقتدار سنبھالے گی ۔ کانگریس کے سینئر قائد و ایم ایل سی مسٹر محمد علی شبیر نے یہ بات کہی۔ انہوں نے منڈل گندھاری مستقر پر ہفتہ وار بازار میں یلاریڈی حلقہ انچارج مسٹر تلامڈگو سریندر کی زیر صدارت منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ آنجہانی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دور حکمرانی میں گریجنوں کو صحرائی اراضیات پر حقوق فراہم کرتے ہوئے انہیں پٹہ پاس بکس دیئے گئے جس کو وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ یہ پاس بکس نہیں چلیں گی کہتے ہوئے گریجنوں کو دی گئی اراضیات چھین لی گئیں اور ان اراضیات پر خندقیں کھود کر عوام کیلئے جان لیوا بنادیا۔ زندگی بنانے کیلئے جس اراضی کو کانگریس نے فراہم کیا تھا اسے کے سی آر نے زندگی کیلئے خطرہ بناکر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے یلاریڈی رکن اسمبلی مسٹر رویندر ریڈی کے خلاف الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رکن اسمبلی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو بھول کر صرف اپنی جائیدادوں کا تحفظ کرنے میں لگے ہیں۔ سوال کرنے والی عوام کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں خوف دلارہے ہیں۔ ظہیرآباد رکن پارلیمان مسٹر بی بی پاٹل گندھاری موضع کو گود لیکر بھی ایک ترقیاتی کام انجام نہ دیا۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر سریش کمار شٹکر، خواتین سیکشن ضلع صدر کانگریس شریمتی جمنا راتھوڑ، پرتاپ ریڈی، تلنگانہ ایم ٹی سی فورم سکریٹری، منوہر ریڈی، ایس ٹی سیل ضلع صدر سرینواس نائیک، قائدین میں بالیا، این سنگھ موجود تھے۔ گندھاری مستقر سے تعلق رکھنے والے ارکان اگنڈویٹ ایم پی ٹی سی رکن شریمتی پشپا ، سابق منڈل پریشد صدر بالیا نائیک اور دوسروں نے مسٹر محمد علی شبیر کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔