ریاست میں نئے اضلاع کی تشکیل کے عمل میں تیزی

چیف سکریٹری کا مختلف محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) نئے اضلاع کی تشکیل کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ چیف سیکریٹری نے آج ٹاسک فورس کمیٹی کا مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سیکریٹریٹ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا اور وزرا نے بھی اپنے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ لیتے ہوئے ملازمین کی تقسیم کے دیگر اُمور پر غور کیا۔ چیف سیکریٹری مسٹر راجیو شرما نے ٹاسک فورس کمیٹی کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے ملازمین کی گنجائش ، نئے تقررات، سرکاری دفاتر کیلئے عمارتیں اور ضرورت پر ملازمین کے تبادلے اور محکمہ جات کی تقسیم کے اثرات وغیرہ پر عہدیداروں سے تفصیل طلب کی۔ انہیں پیش آنے والے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کی۔ ٹاسک فورس کمیٹی کا 2 ستمبر کو بھی اجلاس جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے 10 اضلاع کو تقسیم کرتے ہوئے 17 نئے اضلاع کے ساتھ جملہ اضلاع کی تعداد 27 کی جارہی ہے۔ اس کیلئے 22 اگست کو اعلامیہ جاری کرنے کے بعد نئے اضلاع کی تشکیل کے عمل میں تیزی پیدا کردی گئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جس میں صدرنشین آر ٹی سی ایس ستیہ نارائنا، مینیجنگ ڈائریکٹر رمنا راؤ ، سکریٹری سنیل شرما اور کمشنر سلطانیہ نے شرکت کی۔ نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں کام تیزی سے جاری ہے۔ ہر ضلع کیلئے ایک ڈی وی ایم اور دو یا تین اضلاع کیلئے ایک ریجنل مینیجر کا تقرر کیا جائے گا۔ محکمہ میں ہر ضلع میں ایک ٹرانسپورٹ آفیسر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی ٹی سی حدود کا جائزہ لیا جارہا ہے جس پر جلدی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر صحت کے جائزہ اجلاس میں محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر راجیشور تیواری کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اضلاع کی تشکیل میں محکمہ اور ملازمین کی تقسیم کا جائزہ لیا گیا۔