ریاست میں تیز رفتار صنعتی ترقی یقینی : کے ٹی آر

شہر سے ورنگل ‘ میدک ‘ منچریال ‘ ناگپور روڈ اور نلگنڈہ کے مابین نئی صنعتی راہداریوں کا قیام
حیدرآباد 30 جنوری ( آئی این این ) ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ادعا کیا کہ تلنگانہ ریاست تیزی سے صنعتی ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے کیونکہ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں کئی اقدامات کئے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اپنی نوعیت کی منفرد صنعتی پالیسی تیار کی ہے اور تاجروں کو کئی سہولیات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کی تجاویز بشمول بڑے پراجیکٹس کو چند دنوں میں کسی طرح کی افسر شاہی رکاوٹوں کے بغیر منظوری دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے صنعتی عمل کو غیر مرکوز کردیا ہے جس کا مقصد حیدرآباد کے ساتھ پانچ صنعتی راہداریوں کو فروغ دینا ہے جیسا مرکز نے تجویز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور ورنگل ‘ میدک ‘ منچریال ‘ ناگپور روڈ اور نلگنڈہ کے مابین کے علاقوں کو نئی صنعتی راہداریوں کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کے اطراف اور خاص طور پر نئے علاقوں میں کئی نئے پراجیکٹس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی ‘ فارما ‘ لائیف سائینسیس اور دوسرے شعبہ جات میں آئندہ چند ماہ کے اندر زبردست سرمایہ کاری ہوگی ۔ اس دوران حیدرآباد میں ایک کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے وزیر صنعت مسٹر جے کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی نے قدیم طریقہ کار کو سہل اور آسان بنادیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں تجارتی سرگرمیوں اور صنعتوں کو استحکام اور تقویت حاصل ہوگی ۔