سنگاریڈی /2 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر ضلع میدک میں بڑے پیمانے پر جشن تلنگانہ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ضلع کے تمام سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات و ادارہ جات کے دفاتر پر آج قومی پرچم کشائی کی گئی اور جشن کا اہتمام کیا گیا ۔ ضلع میدک کی مرکزی تقریب پولیس پریڈ گراؤنڈ سنگاریڈی میں منعقد ہوئی ۔ جس میں مسٹر ٹی ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی و امور مقننہ نے شرکت کی اور قومی پرچم کشائی اور پولیس پریڈ کی سلامتی لی بعد ازاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ نے کئی تحریکات کو اپنے آغوش میں پناہ دی اور ان تحریکات میں سب سے جداگانہ اور منفرد تحریک علاقہ تلنگانہ کے عوام کی خواہشات اورخوابوں کا مظہر تحریک تلنگانہ جس کی آبیاری علاقہ تلنگانہ کے جیالوں نے اپنے خون سے کی 15 اگست 1947 کو ملک آزاد ہوا اور 17 ستمبر 1948 کو ریاست دکن کا انڈین یونین میں انضمام ہوا ۔ اس کے بعد حیدرآباد اسٹیٹ قائم ہوا ۔ اس کے بعد 1956 میں حیدرآباد اور آندھرا کو ضم کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ ریاست آندھراپردیش قائم ہونے کے ساتھ ہی علاقہ تلنگانہ سے ناانصافی کا ایک بدترین دور شروع ہوا جس کی مخالفت میں پہلی مرتبہ 1969 میں علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک شروع ہوئی ۔ تلنگانہ کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف سال 2001 میں چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس پارٹی قائم کرتے ہوئے تحریک تلنگانہ شروع کی جو بہت کم عرصہ میں عوام کی آواز بن گئی 20 نومبر 2009 کو ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر کی جانب سے شروع کردہ مرن برت نے تحریک تلنگانہ کو فیصلہ کن مرحلہ میں پہونچادیا ۔ کے سی آر کے مرن برت اور تلنگانہ میں عوامی احتجاج کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کیا اور بالآخر 2 جون 2014 کو ریاست تلنگانہ کی تشکیل ہوگئی ۔ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے ایک ہزار سے زائد نوجوانوں نے اپنی جان کی قربانی کے قیمتی نذرانے پیش کئے جس کو تلنگانہ کبھی فراموش نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ نے عظیم قائد کے چندرا شیکھر راو کی دور اندیش اور مدبرانہ قیادت میں کامیاب ایک سال مکمل کیا اور گذشتہ ایک سال کے دوران اتنے کام انجام دئے جوکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کے 54 سالہ ودر میں تلنگانہ کیلئے نہیں کئے گئے تھے ۔ اس موقع پر شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو تہنیت پیش کی گئی ۔ طلباء کی جانب سے رنگارنگ کلچرل پروگرامس پیش کئے گئے ۔ مختلف محکمہ جات نے اپنی کارکردگی کے مظاہرے کے طور پر نمائشی اسٹالس نصب کئے تھے یوم تاسیس کے موقع پر مختلف شعبہ حیات سے وابستہ 23 افراد کو ان کی نمایاں خدمات پر ضلعی سطح ایوارڈ دیا گیا ۔ 23 ایوارڈ یافتہ گان میں صرف ایک مسلمان ہے جن کو متولی یا مذہبی شخصیت کے زمرہ میں منتخب کیا گیا ۔ اس موقع پر چنتا پربھاکر رام لنگاریڈی بابو موہن ، مدن ریڈی اراکین اسمبلی راجمنی یادو چیرمین ضلع پریشد ، راہول بوجا کلکٹر بی سومتی ایس پی اور دیگر عہدیدار قائدین اور عوام موجود تھے ۔