ریاست بہار کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنادیا گیا نتیش کمار اور لالو یادو پر بی جے پی لیڈر کا الزام

پٹنہ۔/30اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر سوشیل کمار مودی نے آج یہ الزام عائد کیا کہ نتیش کمار اور لالو پرساد یادو نے ایک مخصوص فرقہ کے ووٹوں کی خاطر بہار کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنادیا ہے۔ یہ ریمارک ریاست کے 12اسمبلی حلقوں میں انتخابات کے پیش نظر اہمیت اختیار کرگیا ہے جہاں پر اقلیتوں کی اکثریت پائی جاتی ہے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے کل بکسر میں کہا تھا کہ بہار کے انتخابات میں اگر بی جے پی کو شکست ہوجائے گی تو پاکستان میں آتشبازی کی جائے گی جس کے ایک دن بعد سوشیل کمار مودی نے سلسلہ وار ٹوئٹرس پر کہاکہ دہشت گردوں کے ساتھ اس کی مذہب کی بنیاد پر نرم رویہ اختیار کیا جارہا ہے جس کے باعث ریاست بہار ان کیلئے ایک محفوظ ٹھکانہ بن گئی ہے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر بظاہر ممنوعہ عسکریت پسند تنظیم انڈین مجاہدین کے شریک بانی یسین بھٹکل کی 2سال قبل بہار کے حلقہ مدھوبنی میں ہند۔ نیپال سرحد پر گرفتاری کا حوالہ دے رہے تھے۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ بہار پولیس نے بھٹکل کو اپنی حراست میں لینے سے انکار کردیا تھا۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار نے اسوقت کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس راجیش چندرا کو فی الفور مظفر پور سے دارالحکومت واپس آجانے کی ہدایت دی تھی جوکہ انڈین مجاہدین کے عسکریت پسند سے پوچھ تاچھ کیلئے گئے ہوئے تھے اور اسوقت کے ڈی جی پی نے بھٹکل کو مرکزی اداروں کے حوالے کرنے سے قبل کوئی پوچھ تاچھ کی اور نہ ہی پولیس حراست میں لینے کی کوشش کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے 25سالہ دور حکومت میں بہار کے ایک درجن اضلاع دہشت گردی کی نرسری بن گئے ہیں۔