ہنمکنڈہ 11 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پروفیسر وینکٹ رتنم وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل نے ICET-2014 نوٹیفکیشن کے تعلق سے یونیورسٹی سینٹ ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 14 فبروری کو نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ امیدوار آن لائن درخواستیں 24 فبروری سے داخل کرسکتے ہیں۔ بغیر دیرینہ کے فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل ہے جبکہ 500 روپئے دیرینہ 15 اپریل، 2 ہزار جرمانہ کے ساتھ 25 اپریل، 5 ہزار دیرینہ 6 مئی جبکہ آئی سیٹ فارم 10 ہزار دیرینہ فیس کے ساتھ 19 مئی تک درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ وائس چانسلر وینکٹ رتنم نے کہاکہ درخواست گذار طلباء و طالبات 21 اپریل سے آن لائن ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ 23 مئی بروز جمعہ آئی سیٹ امتحان منعقد ہوگا۔ جبکہ پریلیمنری کی 26 مئی کو جاری کی جائے گی۔ اعتراضات پریلمنری کی (Preliminary Key) کی 3 جون تک قبول کی جائیں گی اور آئی سیٹ کا نتیجہ 9 جون کو جاری کیا جائے گا۔ سال 2014ء کا آئی سیٹ ماڈل بھی سابق کی طرح رہے گا۔ انالیٹیکل ابیلیٹی 75 نشانات میاتھامیٹکل 75 نشانات، کمیونکیشن ابیلیٹی 50 نشانات جملہ200 نشانات کا آئی سیٹ کا پرچہ رہے گا
جس میں سے کامیابی کیلئے 50 نشانات حاصل کرنا ہوگا۔ SC/ST کے نشانات کی کوئی قید نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سال 2013-14 ء میں آئی سیٹ امتحان میں ایک لاکھ 39 ہزار 513 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں جن میں سے ایک لاکھ 28 ہزار 838 امیدواروں نے امتحان لکھا تھا اور ایک لاکھ 23 ہزار 296 طلباء و طالبات نے آئی سیٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ گزشتہ سال 95.70 فیصدی طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ بھدراچلم کے قبائیلی علاقہ کوتہ گوڑم میں نیا سنٹر قائم کیا گیا ہے اور آئی سیٹ امتحان میں اس سال طلباء و طالبات صرف بال پن بلاک، بلو پین ہی استعمال کریں۔ پنسل نہیں۔ وائس چانسلر نے کہاکہ آئی سٹ انٹرنس ٹسٹ کے دن ایک منٹ کی تاخیر سے داخل ہونے والوں کو امتحان ہال میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری ہائر ایجوکیشن آندھراپردیش اجے مشرا آئی اے ایس، وجئے پرکاش وائس چیرمین، آئی سیٹ کنوینر پروفیسر اوم پرکاش، یونیورسٹی رجسٹرار سائلو و دیگر موجود تھے۔