کلواکرتی۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کلواکرتی میں پہلی مرتبہ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی کل 29اپریل کو آمد ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلواکرتی میں نمائش سوسائٹی کے تحت بی ایڈ کالج چل رہا ہے۔ پرنسپل محمد صاحب نے بتایا کہ کالج میں سیکنڈ فلور کی تعمیر مکمل ہوئی ہے اور سوسائٹی کی جانب سے آئندہ تعلیمی سال سے پرائمری اور ہائی اسکول سطح پر تعلیم کا آغاز کرنے جارہی ہے جس کیلئے عمارت تعمیر کرنے کیلئے افتتاحی پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔ واضح ہو کہ ایٹالہ راجندر ریاستی وزیر فینانس کے ساتھ ساتھ نمائش سوسائٹی کے صدر اعلیٰ بھی ہیں، وہ 29تاریخ کی صبح 8:30 بجے بی ایڈ کالج گراونڈ پر جدید عمارت کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں ان کے علاوہ ایم پی حلقہ ناگرکرنول نندی ایلیا، ایم ایل اے ڈاکٹر چلاومشی چند ریڈی، ایم ایل سی کے ریڈی نارائن ریڈی، ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی، جی بگیا نارائنا وائس چانسلر پالمور یونیورسٹی، ضلع کلکٹر ٹی کے سری دیو، ضلع ایس پی وشواپرساد، ضلع ایجوکیشن آفیسر وجئے لکشمی بائی، بلدیہ چیرمین سری سیلم ، وائس چیرمین محمد شاہد، سابق ایم ایل اے جئے پال یادو سوسائٹی چیرمین کلواکرتی کرشنا بی یادو وغیرہ ۔
ضلع کریم نگر میں بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک
کریم نگر۔/27 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر میں غیر موسمی بارش ، گرج و چمک اور بجلی گرنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ گمبھی راؤ پیٹ کے موضع کو ڈور موگی میں چرواہا نارائن عمر 50سال، ملا پور منڈل میں ایک چرواہا بوڈا سوکیا اور روہن کاٹ میں کام کرنے والا کنٹراکٹ مزدورسنگیا عمر 48سال فوت ہوگئے۔ ونیز بوڈا سوکیا کی 32بکریاں بھی فوت ہوگئیں۔ گرج اور چمک کے وقت کریم نگر میں برقی سربراہی مسدود کردی گئی شام کے چار بجے بارش کے وقت مختلف محلوں میں برقی سربراہی روک دی گئی ۔ چند محلوں میں تو رات کے دو بجے تک برقی بحال نہ ہوسکی جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل دو پہر میں گرم ہواؤں کے چلنے سے 7 افراد لو لگنے سے فوت ہوگئے۔ کئی درخت گر پڑے۔ جگتیال میں دس ہزار کنٹل دھان اور جگتیال مارکٹ میں پانچ ہزار کنٹل دھان کو نقصان پہنچا۔ سرسلہ میں تیز ہوا سے برقی تار گرگیا ۔ ایک شخص اس کی زدمیں آکر فوت ہوگیا۔