ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ کے مکان کا طلبہ نے گھیراؤ کیا

محبوب نگر ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فیس ری ایمبرسمنٹ فنڈز کی فوری اجرائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ کے آبائی مکان واقع کولاپور میں اے بی وی پی قائدین اور کارکنوں اور طلباء نے گھیراؤ کیا۔ طلباء نے حکومت کے رویہ کے خلاف نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر ریاستی قائد اے بی وی پی بھرت چندرا نے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ فنڈ ایک ہزار کروڑ روپئے جو التوا میں رکھے گئے ہیں، فوری جاری کئے جائیں۔ فیس ری ایمبرسمنٹ پر عدم عمل آوری سے اعلیٰ تعلیم کے طلباء کو بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔ احتجاجیوں کے مطالبہ سے سب انسپکٹر ستیہ نارائن ریڈی نے ریاستی وزیر کو مطلع کیا جس پر وزیر نے تیقن دیا کہ اس مسئلہ پر چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی اور مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا۔ احتجاجی پروگرام میں مہیش، اشوک، رام کرشنا و دیگر موجود تھے۔