ریاستی نتائج کا لوک سبھا انتخابات پر اثر نہیں : پاسوان

نئی دہلی 13 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے حلیف اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج واضح کیا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے لوک سبھا انتخابات پر کوئی اثرات نہیں ہونگے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 2019 میں این ڈی اے اقتدار پر واپسی کرے گی ۔ لوک جن شکتی پارٹی کے صدر نے تین ریاستوں میں بی جے پی کی شکست کو مخالف حکومت لہر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت لہر کے باوجود مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی کے ووٹوں کا تناسب کانگریس کے مساوی رہا ہے جس نے وہاں اقتدار حاصل کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں کا لوک سبھا انتخابات پر کوئی اثر نہیں رہتا ۔ این ڈی اے متحد ہے اور وہ مودی کی قیادت میں 2019 میں اپنا اقتدار برقرار رکھے گا ۔ بی جے پی کو ان ریاستوں میں کانگریس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کے فیصلے کا ہمیشہ ہی خیر مقدم کیا جاتا ہے ۔