سنگاریڈی۔/15فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ملازمین سرکار کے حد وظیفہ عمر کو 58 سال سے بڑھاکر 60سال کرنے کا مطالبہ دیرینہ ہے اور گذشتہ 9سال سے ملازمین سرکار کی تنظیمیں مسلسل اس مطالبہ پر حکومت سے نمائندگی کررہی ہیں تاہم حکومت نے ملازمین سرکار کے اس مطالبہ پر کبھی بھی ہمدردانہ غور نہیں کیا۔ لیکن حکومت عین لوک سبھا و ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل اس مسئلہ پر اپنے سخت تیور کو نرم کرتے ہوئے ریاستی ملازمین سرکار کی حد عمر وظیفہ کو 58 سال سے بڑھا کر60 سال کرنے کی تجویز پر نہ صرف سنجیدگی کے ساتھ بلکہ سرگرمی سے اس پر غور و خوض کررہی ہے۔ سکریٹریٹ کے ذرائع کے بموجب دسویں پے ریویژن کمیشن چیرمین مسٹر پی کے اگروال نے ملازمین سرکار کی حد عمر وظیفہ میں اضافہ کی تجویز پر حکومت کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین سرکار کی حد عمر وظیفہ میں اضافہ کا مسئلہ پے ریویژن کمیشن کے دائرہ کار میں نہیں ہے۔ چنانچہ حکومت خود فیصلہ کرے اس کے بعد محکمہ فینانس نے ملازمین سرکار کی حد عمر وظیفہ میں دو سال کے اضافہ کی تجویز کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیا۔
حد عمروظیفہ میں اضافہ کی صورت میں ریاستی خزانے پر عائد ہونے والے مالی بوجھ کا تقابلی جائزہ لیا گیا اور حد عمر وظیفہ میں دو سال کے اضافہ کی صورت میں ریاستی خزانہ پر غیر معمولی مالی بوجھ عائد نہ ہونے کا نتیجہ اخذ کرنے کے بعد محکمہ فینانس اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کا کام شروع کردیا ۔بتایا جاتا ہے کہ یکم اپریل 2014 تک ریاست بھر میں 1.80 لاکھ سے زائد ملازمین سرکار وظیفہ پر سبکدوش ہورہے ہیں۔ ان تمام ملازمین سرکار کو وظیفہ کے مالی مراعات کی فراہمی ماہانہ وظیفہ کی ادائیگی دسویں پے ریویژن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کی صورت میں ریاستی خزانہ پر زبردست مالی بوجھ عائد ہوگا۔ اگر حد عمر وظیفہ میں 2سال کا اضافہ کردیا جائے تو بڑی حد تک مالی بوجھ کو کم کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ ملازمین سرکار وظیفہ پر سبکدوش ہوجائیں تو دیرینہ تجربہ کے حامل ملازمین سرکار نہ ہونے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ان تمام حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے بتایا جاتا ہے کہ محکمہ فینانس نے ملازمین سرکار کی حد عمر وظیفہ کو 58سال سے بڑھا کر 60سال کردینے کی تجویز کا نوٹ فائیل تیار کرلیا ہے اور اس کو محکمہ جنرل اڈمنسٹریشن ( سرویسیس ) کو روانہ کرے گی ۔ وہاں سے فائیل چیف سکریٹری اور پھر وزیر فینانس اور چیف منسٹر کی منظوری کیلئے بھیجی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اس مسئلہ پر مثبت ذہن رکھتے ہیں چنانچہ توقع کی جارہی ہے کہ اسی ماہ کے اواخر تک جی او جاری ہوسکتا ہے۔ ملازمین سرکار کے حد عمر وظیفہ میں دو سال کا اضافہ یعنی 58 سال سے 60سال کرنے کی تجویز کا ماہ مارچ سے اطلاق ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے 31مارچ 2014ء کو وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے 1.80 لاکھ ملازمین سرکار کو فائدہ ہوگااور وہ مزید دو سال اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ حد عمر وظیفہ میں اضافہ کی خبر ملازمین سرکار کے لئے خوشخبری ہے لیکن اس خصوص میں حکومت کی جانب سے واضح اعلان اور جی او کی اجرائی پر ہی اس کو مصدقہ سمجھا جائے گا۔