ریاستی حکومت کے ہمہ جہت ترقی کیلئے خصوصی اقدامات

سوریا پیٹ میں ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی کا صحافیوں سے خطاب

سوریاپیٹ۔ 31 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برقی و رکن اسمبلی سوریاپیٹ جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت شہری حلقوں کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ حکومت نے شہری حلقوں کو ترقی دینے خصوصی فنڈ مختص کیا ہے۔ اس کا مقصد تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنا ہے۔ وہ سوریاپیٹ کے چودھری تالاب پر عصری طرز پر تعمیر ہونے والے منی ٹینک بینڈ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تاحال حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائے گئے سوریاپیٹ میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون تین برس یہاں پر 200 کروڑ روپئے مالیتی تعمیری کاموں کی تکمیل ہوئی جن میں سی سی روڈس، واٹر ٹینکس، ہائی ماسٹ لائیٹس کی تنصیب کے ساتھ اور دیگر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 30 کروڑ روپئے کی لاگت سے ٹینک بنڈ، کشن گنج مارکٹ کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے بہت جلد ترقیاتی و تعمیری کاموں کی تکمیل کیلئے اقدامات کا وعدہ کیا۔ جگدیش ریڈی نے اس موقع پر میڈیا سے کہا کہ اپوزیشن قائدین شہر کی تیز رفتار ترقی کو دیکھ کر حکومت کے خلاف غلط پروپگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور بعض قائدین کی جانب سے ان پر کی گئی تنقیدوں پر برہمی کا انہوں نے اظہار کیا اور عوام سے اپوزیشن قائدین کے جھانسہ میں نہ آنے اور حکومت کی جانب سے چلنے والے ترقیاتی و تعمیری کاموں میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر چیرپرسن بلدیہ جی پاوالیکا، صدرنشین زرعی مارکٹ وائی وینکٹیشورلو، سابق چیرمین بلدیہ گیتا ریڈی کے علاوہ ضلع ٹی آر ایس قائدین جی پرکاش، سرینواس گوڑ، ایم سرینواس اور دیگر موجود تھے۔