ریاستی حکومت کی اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کی تشہیر پر زور

شاد نگر میں ایم ایل سی گریجویٹ امیدوار کی انتخابی مہم، ریاستی وزیر لکشما ریڈی کا خطاب
شاد نگر /15 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد۔ محبوب نگر حلقہ کے ٹی آر ایس کے تائیدی ایم ایل سی گریجویٹ امیدوار دیوی پرساد کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے ٹی آر ایس کے قائدین ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں اور کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہے ہیں۔ دیوی پرساد کی انتخابی مہم کے طورپر مستقر شاد نگر بوگا ریڈی گارڈن فنکشن ہال میں گریجویٹس ووٹرس کے ساتھ منعقدہ تقریب سے تلنگانہ کے وزیر ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے گریجویٹ ووٹرس سے اپیل کی کہ ٹی آر ایس کے تائیدی ایم ایل سی امیدوار دیوی پرساد کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ آندھرائی قیادت والی حکومتوں نے تلنگانہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر ناانصافیاں کی ہیں اور سب سے زیادہ ضلع محبوب نگر کو نقصان ہوا ہے، جب کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حال ہیمیں کے سی آر نے عوامی نمائندوں کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے ناقابل فراموش قدم اٹھایا ہے۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران اپنا اہم کردار ادا کرنے والے دیوی پرساد کو کامیاب بنانے کا موقع چیف منسٹر کے سی آر نے فراہم کیا ہے، لہذا ہر گریجویٹ ووٹر کو اپنا قیمتی ووٹ ان کے حق میں استعمال کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ منفرد اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ تلنگانہ حکومت آگے بڑھ رہی ہے۔ تلنگانہ حکومت ہر ایک شعبہ کو سہولت بخش بنانے کوشاں ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اور تلنگانہ قائدین تلنگانہ کو ترقی یافتہ ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے سنہرے تلنگانہ کے خواب کو پورا کرنے میں عوامی تعاون کو ضروری قرار دیا اور پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ تلنگانہ حکومت کی منفرد اسکیمات اور ترقیاتی کاموں کی تشہیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔