ریاستی حکومت اقلیتی نوجوانوں کو خود مکتفی بنانے کی خواہاں

عادل آباد میناریٹی فینانس کارپوریشن ایکزیکیٹو ڈائرکٹر وی شاستری کا بیان
عادل آباد۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتے ہوئے انہیں خود مکتفی بنانا چاہتی ہے جس کے پیش نظر مختلف شعبہ جات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو بینک کے ذریعہ قرضہ جات فراہم کئے جارہے ہیں۔ یہ بات ضلع عادل آباد میناریٹی فینانس کارپوریشن ایگزیکیٹو ڈائرکٹر مسٹر وی وی شاستری نے نمائندہ سیاست محبوب خان کو بتاتے ہوئے کہا کہ نصف رقم سبسیڈی پر قرضہ جات حاصل کرنے والے بیروزگار نوجوانوں سے 15اپریل تک درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ریاستی حکومت نے جی او نمبر 17جاری کیا۔ مقررہ تاریخ میں توسیع کی اطلاع مسٹر سید عمر جلیل آئی پی ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے دیتے ہوئے کہا کہ 15اپریل تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ بیروزگار اقلیتی نوجوان جن کی عمر 21تا55سال کے دوران ہے اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ درخواست گذار کو سالانہ آمدنی سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ، بینک پاس بک زیراکس، راشن کارڈ زیراکس اور دو عدد پاسپورٹ سائز فوٹو کو لازمی قرار دیا گیا جس بینک سے قرض حاصل کرنا چاہتے ہیں اس تینک سے رضامندی لیٹر داخل کرنا ہوگا۔ بعد ازاں تجارتی کاروبار کی تفصیلات اور کوٹیشن داخل کرنا ہوگا۔ استفادہ کنندگان کو 2.5لاکھ روپئے اور ٹرانسپورٹ کیلئے تین لاکھ روپئے قرض فراہم کیا جائے گا۔ بلدی حدود کے افراد کو 75ہزار روپئے، مواضعات کے افراد کو60ہزار روپئے سالانہ آمدنی سرٹیفکیٹ داخل کرنا ہوگا۔ بے روزگار نوجوان اپنے تجارتی تجربہ اور ہنرمندی کے لحاظ سے مناسب کاروبار کا ذریعہ بناکر خودکفیل ہوسکتے ہیں۔ مسٹر وی وی شاستری نے اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو اس اسکیم سے استفادہ کرنے کی خواہش کی۔