کانگریس کو مرکز کی نیت پر شک، وقت مقرر کرنے کا مطالبہ
جموں۔6 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے چہارشنبہ کو جموں و کشمیر میں انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی کی وکالت کی اور کہا کہ اسے کم سے کم وقت میں مکمل کرلیا جانا چاہئے۔ کانگریس کا ردعمل اس معاملے میں اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ مرکز اس خیال پر غور کررہا ہے کہ اسمبلی حلقوں کی جدید تدوین کے لیے نئی حدبندی کرنے والا ایک کمیشن قائم کیا جائے اور درج فہرست اقوام و قبائل کے لیے اسمبلی کی محفوظ نشستوں کی تعداد کا تعین کیا جائے۔ کانگریس کے سرکردہ ترجمان رویندر شرما نے کہا کہ کانگریس پارٹی مقررہ وقت میں حد بندی کی تائید کرتی ہے اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل اس کام کو مکمل ہوجانا چاہئے۔ نئی حدبندی کو دستور کے مطابق انجام دیا جانا چاہئے۔ اور اسے مقررہ قانون کے تحت کیا جانا چائے اور جموں کشمیر کے ہر علاقہ کے ساتھ انصاف کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے بیان کیا کہ بی جے پی حکومت کو چونکہ قطعی اکثریت حاصل ہوچکی ہے اور ریاست جموں و کشمیر پر صدر راج نافذ ہے اس لیے انہیں فوری اس طریقہ کی شروعات کردینی چاہئے اور اسے اسمبلی انتخابات سے قبل مکمل کر لینا چاہئے۔ تاہم کانگریس نے مرکز کی نیت پر شک و شبہ کا اظہار کیا ہے کیوں کہ اسمبلی کے انتخابات بالکل قریب ہیں۔