حکومت کی ناکامیوں کے خلاف نلگنڈہ میں 4تا6 فبروری انقلابی اجلاس
نلگنڈہ۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے ریاست کو 40 ہزار کروڑ روپئے کا مقروض بنادیا گیا ہے۔ سی پی ایم پارٹی کا ریاستی مہا سبھا کا تین روزہ اجلاس انقلابی سرزمین نلگنڈہ میں منعقد ہوگا۔ یہ بات سی پی آئی سکریٹری و سابق رکن اسمبلی مریال گوڑہ مسٹر جے رنگاریڈی نے آج نلگنڈہ میں صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ریاستی سطح کا اجلاس ضلع مستقر پر 4،5 اور 6 فبروری کو منعقد ہوگا جس میں ریاستی حکومت کی ناکامیوں پر غوروخوض کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کو ترتیب دیا جائے گا۔ مسٹر رنگاریڈی نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے، مستحقین کو ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر، دلتوں کو اراضی کی تقسیم اور کسانوں کی خودکشیوں کو رکوانے میں حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ تعلیم اور صحت کے میدانوں میں سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے اور اپنے حق کیلئے جدوجہد کرنے والے کسانوں کو ہتھکڑیاں ڈالی گئیں۔ 2016 حصول اراضی قانون کے تحت زبردستی اراضیات چھین لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے خاندان کی خوشحالی کے سوا عوام کو مایوس کردیا گیا ہے۔ ترقی کے نام پر کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، ریاست کو 40 ہزار کروڑ روپئے مقروض کردیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ارکان اسمبلی اور وزراء کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ تہواروں اور دیوتاؤں کے نام پر کروڑہا روپئے کا خرچ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایم پارٹی نے مہاجن میلہ یاترا کے ذریعہ عوام میں شعور بیدار کیا ہے۔ ریاستی سکریٹری نے بتایا کہ پارٹی بہوجن لفٹ فرنٹ کے ساتھ ملکر جدوجہد کرے گی اور حکومت کی ناکامیوں پر اپنی جدوجہد میں شدت پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے حکومت کے خلاف گزشتہ میں کئی بار جدوجہد کا ضلع سے آغاز کیا ہے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی اجلاس متحدہ ضلع نلگنڈہ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔4فبروری سے آغاز ہونے والے ریاستی مہا سبھا میں مرکزی پارٹی سکریٹری مسٹر سیتا رام یچوری ، پرکاش کارت، این راگھولو و دیگر شرکت کریں گے۔ انہوں نے عوام بالخصوص پارٹی قائدین و کارکنوں سے بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ضلع سکریٹری مسٹر ایم سدھاکر ریڈی نے مسٹر ویراریڈی سی پی ایم قائدسید ہاشم بلدی فلور لیڈر سی پی ایم ، محمد سلیم، سرینواس و دیگر موجود تھے۔