میڈرڈ 21 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ نے ارجنٹینا کے کلب سان لورینزو کو شکست دے کر فیفا کلب ورلڈ کپ کا فائنل جیت لیا ہے۔افریقی ملک مراقش کے شہر مراقیش میں کھیلے گئے میچ میں چمپینس لیگ، کوپا ڈیل رے اور یورپی سپر کپ کے فاتح کلب نے 2-0 سے فتح حاصل کی۔ریئل میڈرڈ نے میچ کے 37ویں منٹ میں سرجیو راموس کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔51ویں منٹ میں سان لورینزو کے گول کیپر کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیرتھ بیل نے ریئل میڈرڈ کی برتری دوگنی کر دی اور یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی۔جنوبی امریکی کلبوں کے مقابلوں کی چیمپیئن ٹیم یورپی چمپینس کا مقابلہ نہ کر سکی اور میچ ایک حد تک یکطرفہ رہا۔یہ لگاتار 22 واں میچ تھا جس میں ریئل میڈرڈ کی ٹیم فتح رہی۔اس میچ کے لیے ریئل میڈرڈ کے مینیجر کارلوس اینسلوٹی نے ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاری جس میں کرسٹیانو رونالڈو، گیرتھ بیل، جیمز راودریگز اور کریم بینزیما جیسے فٹبالر بھی شامل تھے۔ورلڈ کلب کلب کے فائنل سے قبل تیسرے مقام کے میچ میں نیوزی لینڈ کے کلب آکلینڈ سٹی نے میکسیکو کے کلب کروز آزول کو پنلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔ مقررہ وقت میں یہ میچ 1-1 گول سے برابر تھا۔