حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے مصری گنج سے تعلق رکھنے والے ریئیل اسٹیٹ تاجر کو شاطر دھوکہ باز خاتون نے ٹھگ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد فاروق ساکن مصری گنج اخبارات میں اشتہارات کے ذریعہ اپنا کاروبار چلاتا ہے ۔ اس سلسلہ میں ایک اشتہار کے ذریعہ سال 2012 میں محمد فاروق کو ایک خاتون نے پلاٹ خریدنے کے سلسلہ میں فون کیا اور اس سے قربت حاصل کی۔ فاروق کو خاتون نے مدد کی درخواست کرتے ہوئے 2 لاکھ روپئے طلب کئے اورفوری اضافی رقم کے ساتھ لوٹانے کا لالچ دیا ۔ فاروق دھوکہ باز خاتون کے جھانسے میں آگیا اور اس نے 2 لاکھ روپئے علاقہ تارناکہ میں خاتون کے حوالے کئے اور رقم کی حصولی کے فوری بعد وہ رفو چکر ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کی جانب سے ٹھگ لئے جانے کے بعد فاروق نے آج عثمانیہ یونیورسٹی پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے خاتون کی تلاش شروع کردی گئی۔ انسپکٹر یونیورسٹی مسٹر اشوک ریڈی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ خاتون نے دھوکہ دہی کی غرض سے فاروق سے قربت حاصل کی تھی اور رقم لیکر فرار ہوگئی ۔ انہوں نے بتایا کہ دو خصوصی ٹیمیں دھوکہ باز خاتون کو تلاش کررہی ہے اور عنقریب اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔