رہن کے مکانات فراہم کرنے کے بہانہ ٹھگنے والا شاطر دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد ۔ /28 مئی (سیاست نیوز) گولکنڈہ پولیس نے ایک شاطر دھوکے باز کو گرفتار کرلیا جو رہن کے مکانات فراہم کرنے کے بہانے سینکڑوں لوگوں کو ٹھگ لیا ۔ انسپکٹر گولکنڈہ مسٹر خلیل پاشاہ کے بموجب 35 سالہ حاجی پاشاہ عرف چیٹر پاشاہ ساکن ندیم کالونی اکثر اردو اخبارات میں ’’رہن بالقبض‘‘ (مکان رہن پر فراہم کرنے ) کے اشتہارات شائع کروایا کرتا تھا ۔ حاجی پاشاہ سے ربط پیدا کرنے پر وہ 300 گز کا ایک شاندار مکان دکھاتا اور اس مکان کا مالک ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپئے میں رہن پر فراہم کرنے کا جھانسہ دیا کرتا تھا ۔ انسپکٹر نے مزید بتایا کہ حاجی پاشاہ نے 100 تا 150 افراد سے ایک لاکھ تا 5 لاکھ روپئے کی رقم رہن کے مکان فراہم کرنے کے بہانے حاصل کی اور وہ رقم حاصل کرنے کے بعد غائب ہوجایا کرتا تھا ۔ گولکنڈہ پولیس کو دھوکہ باز کے خلاف تین شکایتیں موصول ہونے پر مقدمات درج کئے گئے اور اسے حراست میں لیکر تفتیش کئے جانے پر اپنے طریقہ کار کا انکشاف کیا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ حاجی پاشاہ نے کئی ضرورتمند معصوم عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ گرفتار دھوکے باز کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔