حیدرآباد /25 جون ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ میرپیٹ میں رہن سنٹر کے مالکین عوام کو دھوکہ دہی کرکے فرار ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تین دوکانداروں نے تقریباً دیڑھ کروڑ کا غبن کردیا ۔ اور اچانک اپنی دوکانیں بند کرکے فرار ہوگئے ۔تاہم پولیس کو صرف ایک دوکاندار کے خلاف شکایت درج ہوئی ہے ۔ تاہم ذرائع کے مطابق تین دوکانداروں کی دھوکہ دہی سے 70 افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ اس خصوص میں انسپکٹر میرپیٹ مسٹر بکشم ریڈی کا کہنا ہے کہ گوپال سنگھ نامی شخص جو علاقہ میں مہالکشمی جویلرس چلایا کرتا تھا ۔ اس کے خلاف شکایت درج ہوئی ہے ۔ یہ شخص جواہرات کی خرید و فروخت کے ساتھ رہن سنٹر بھی چلایا کرتا تھا ۔ جعلی گوڑہ علاقہ کے ایک شہری نے اس کے خلاف شکایت درج کروائی ہے ۔ گوپال سنگھ گذشتہ دو ماہ سے اپنی دوکان بند کرکے فرار ہوچکا ہے ۔ اس دوکاندار کے خلاف 7 افراد نے ابھی تک شکایت درج کروائی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گوپال سنگھ کے فرار ہونے کے بعد مزید دو دکاندار جو اس کے رشتہ دار بتائے گئے ہیں ۔ انہوں نے بھی اپنی دوکانیں بند رکھیں ہیں تاہم ان کے خلاف شکایت پر سخت کارروائی کی جائیگی ۔