حیدرآباد۔/2جون، ( سیاست نیوز) ہمایوں نگر علاقہ میں30مئی کو پیش آئی سنسنی خیز رہزنی کی واردات میں ملوث 6رہزنوں کو کمشنر ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمدکرلئے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹاسک فورس پولیس نے 27سالہ برہان شریف ساکن بی بی بازار مغلپورہ اور اس کے پانچ ساتھیوں 28سالہ خواجہ فصیح الدین ساکن چنتل بستی مانصاحب ٹینک، 19سالہ محمد اقبال، 19سالہ عاطف علی بیگ، 23سالہ سید ارشد ساکن امان نگر تالاب کٹہ اور گورو ساکن نشیمن نگر تالاب کٹہ کو گرفتار کرلیا ہے جو ہفتہ کی شب پیش آئی رہزنی کی وارادات میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برہان شریف سابق میں ایک جویلری شاپ میں ملازم تھا اور اس نے اپنی ملازمت کے دوران جیولری شوروم میں سونے کے کئی تاجروں کو تجارت کرتے ہوئے دیکھا کرتا تھا۔ دو ماہ قبل برہان شریف نے مہدی پٹنم میں واقع مشہور جویلری شاپ کو آنے والے تاجر کو لوٹنے کا منصوبہ تیار کیا جس میں خواجہ فصیح الدین کی مدد حاصل کی۔ کمشنر پولیس نے مزید بتایا کہ 30مئی کو ویشنوی جویلرس سے تعلق رکھنے والے نرسمہا ریڈی 4کیلو طلائی زیورات کے ساتھ ایک جویلری شوروم کو پہنچا تھا اور خواجہ فصیح الدین جو مہدی پٹنم میں واقع ایک اور جویلری شوروم میں ملازمت کرتا ہے نے 19سالہ عمران کو اس بات کی اطلاع دی۔ نرسمہا ریڈی ہفتہ کی شام کو طلائی زیورات کے کاروبار کے بعد جویلری شوروم سے واپس لوٹ رہا تھا کہ گرفتار رہزنوں نے ہمایوں نگر علاقہ میں اس کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر چھڑک کر آہنی سلاخ سے حملہ کردیا اور بعد ازاں طلائی زیورات لیکر فرار ہوگئے۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ ٹاسک فورس نے ہمایوں نگر علاقہ میں نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے رہزنوں کی نشاندہی کرلی اور بعد ازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے 3.843کیلو گرام مسروقہ طلائی زیورات، دو موٹرسیکلیں اور تین سیل فونس برآمد کرلئے۔