حیدرآباد ۔ /17 مارچ (سیاست نیوز) رہزنی کے معمولی سے واقعہ میں ملوث تین نوجوانوں کو کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 23 سالہ شیخ سلیم ساکن تالاب کٹہ ، 36 سالہ محمد نصیرحسین خان اور 33 سالہ این کامیش ساکن پرانا پل پاڑدی واڑہ /28 فبروری کی شب پرانے پل کے ساکن منتیش اور اس کے ساتھی راجیو کو چاقو کی نوک پر لوٹ لیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ تین رہزنوں نے منتیش کو پاسنجر آٹو میں سوار ہونے کے بعد تاڑبن چوراہے بہادر پورہ کے قریب اس پر اچانک حملہ کردیا اور چاقو کی نوک پر اس کا موبائیل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے ۔ ٹاسک فورس نے اطلاع ملنے پر تینوں کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیکر تفتیش کی جس میں رہزنی کا انکشاف ہوا ۔ ٹاسک فورس نے ملزمین کے قبضے سے ایک چاقو اور مسروقہ موبائیل فون برآمد کرلیا ۔