حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے سرگرم طلائی چین کے رہزن مرزا عظمت علی بیگ ساکن نواب صاحب کنٹہ جہاں نما اور اس کے ایک ساتھی محمد عمران کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے طلائی زیورات اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ عظمت علی بیگ شہر کے بد نام زمانہ اور پولیس کو انتہائی مطلوب رہزن سید حسین عرف لمبا جو 109 رہزنی وارداتوں میں ملوث ہیں کہ ہمراہ علاقہ ایس آر نگر پنجہ گٹہ بنجارہ ہلز ،سیف آباد ،صنعت نگر ،کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں رہزنی کی وارادتیں انجام دیں۔ سید حسین نے مختلف شناختی کارڈس کے ذریعہ عمران کی مدد سے کئی سم کارڈس حاصل کئے اور ان سم کارڈس کے ذریعہ وہ اپنے ساتھی سے رابطہ میں تھا ۔
پولیس نے بتایا کہ مرزا عظمت علی بیگ اپنے علاقہ کے ایک ساتھی محمد کے ہمراہ بھی رہزنی میں ملوث ہے ۔ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے خدشہ کے باعث محمد دبئی فرارہوگیا ۔ پولیس نے بیگ کے قبضہ سے 57 تولے مسروقہ طلائی زیورات جس کی مالیت 17 لاکھ بتائی جاتی ہے 5 کارزما مسروقہ موٹر سیکلیں جن کی مالیت 5 لاکھ روپئے جملہ 22 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔پولیس نے مزید بتایا کہ رہزن سید حسین نئی کارزما موٹر سیکلس کا استعمال کرتے ہوئے رہزنی کیا کرتا اور بعدازاں عارضی رجسٹریشن نمبر پلیٹ کے ہمراہ ڈیلرس کو آدھی قیمت میں فروخت کردیا کرتا ۔ مذکورہ رہزن اپنے ساتھ ہمیشہ خنجر رکھا کرتے اور سابق میں گرفتاری کی کوشش کرنے والے پنجہ گٹہ کے کانسٹیبلس پر قاتلانہ حملہ کیا تھا ۔