کرکٹ میاچ کے دوران شہریوں کی آنکھ میں دھول جھونک کر سرقہ
حیدرآباد /7 مئی ( سیاست نیوز ) کرکٹ میاچ کے دوران رہزنی اور سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جو ملے پلی کے علاقہ مانگوڑ بستی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جبکہ پولیس مسروقہ سامان کو خریدنے والے آرتھی عرف شہانہ کی تلاش میں جٹ گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ملکاجگیری مسٹر اما مہیشور شرما نے بتایا کہ 19 سالہ بی روی 22 سالہ کامبلی آکاش 22 سالہ کامبلی کرن 22سالہ پتوالی کرن اور 19 سالہ کامبلی لکشمن کو گرفتار کرکے لایا گیا ہے ۔ ڈی سی پی ملکاجگیری نے بتایا کہ اپل اسٹیڈیم میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں ان سارقوں کو مشتبہ حرکتوں کو قید دیکھ کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی جو کسی بھی مقام اور موقع پر جہاں عوام کی کثیر تعداد جمع ہوتی ہے ۔ یہ ٹولی پہلے ہی سے موجود رہتی ہے ۔ اپل اسٹیڈیم میں میاچ کا نظارہ کرتے ہوئے شہریوں کی جیب سے پاکٹ کو نکالنا اور طلائی زیورات کی رہزنی جیسی سرگرمیوں میں یہ ٹولی مصروف تھی ڈی سی پی کے مطابق اس ٹولی کی گرفتاری کے بعد رچہ کنڈہ حدود میں 13 مقدمات کی یکسوئی ہوجاتی ہے ۔ نریڈمیڈ ملکاجگیری گھٹکیسر اپل کشائی گوڑہ اور جواہر نگر پولیس حدود میں یہ ٹولی وارداتیں انجام دیتی ہے ۔ سی سی ایس پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 لاکھ 78 ہزار مالیتی 16.5 تولہ سونا 5 سیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ یہ ٹولی صرف اپل اسٹیڈیم میں کرکٹ میاچوں کو ہی اپنی آمدنی کا ذریعہ نہیں بلکہ ہر بڑے پروگرامس اور عوام جمع ہونے والے مقام کو نشانہ بناتے تھے ۔