حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے رہزنوں کی پانچ رکنی ٹولی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے محمد سہیل قریشی، محمد افروز خان، محمد فیروز علی، محمد علیم الدین، محمد منان کو رہزنی اور سرقہ میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد نے ایک ٹولی کی شکل میں حیدرآباد اور سائبرآباد میں موبائیل فونس، بیاگس اور پرس کے کئی سرقہ کئے۔ اس ٹولی کا سرغنہ سہیل قریشی ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے علاقہ بنجارہ ہلز، گولکنڈہ، لنگر حوض، ہمایوں نگر میں مسلسل رہزنی اور سرقے کرنے لگے۔ پولیس نے گرفتار سارقوں کے قبضہ سے مسروقہ موٹر سیکلیں، ہینڈ بیاگس، لیاپ ٹاپس اور نقد رقم برآمد کرلئے۔