رہزنوں کی ٹولی بشمول دو طلباء گرفتار

حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز)کمشنر ٹاسک فورس ناتھ زون ٹیم نے رہزنی کا منصوبہ بنانے والی تین رکنی ٹولی بشمول ایک سُنار اور دو طالب علموں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ہتھیار اور دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ ٹی نوین چاری پیشہ سے سُنار ہے اپنے دو قریبی رشتہ دار 20 سالہ بی سائی کرشنا اور وی پانڈو رنگم ساکن ضیاء گوڑہ جو طلبہ ہیں کی مدد سے جیولیری شاپ کے مالک کو لوٹ لینے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ نوین چاری نے رادھا کرشنا جیولیری کے مالک راجیش کو تین فیصد سود پر 4.50 لاکھ روپئے کا قرضہ دیا تھا لیکن راجیش اسے سود کی رقم نہ ہی اصل قرض کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔ نوین چاری کو اس بات کا علم ہوا کہ راجیش روزانہ جیولیری شاپ بند کرنے کے بعد اپنے ہمراہ 30 تولے طلائی زیورات اور نقد رقم ہینڈ بیاگ میں مکان منتقل کرتا ہے اسے لوٹ لینے کا منصوبہ تیار کیا ۔ اپنے قریبی رشتہ سائی کرشنا اور پانڈو رنگم کو رہزنی میں مدد کرنے پر 25 ہزار روپئے فی کس ادا کرنے کا وعدہ کیا اور انہیں 2 ہزار روپئے پیشگی بھی دی تھی ۔ لوٹنے کی غرض سے نوین چاری نے ایک خنجر ،نکل ڈسٹر ،لال مرچ پاوڈر ،موٹر سیکل حاصل کی تھی۔ نوین چاری نے راجیش کے حالیہ کی جانکاری کیلئے اس کی تصویر واٹس اپ کے ذریعہ سائی کرشنا کو منتقل کیا اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے مذکورہ ملزمین کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ہتھیار اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے ۔